معزز دوستوں آپ نے یقیناؑ انارکی کا لفظ سنا ہوگا اس لفظ اور نام کے متعلق بہت زیادہ تعصب پایا جاتا ہے اور اس اصطلاح کو عموماؑ منفی معنوں میں استعمال کیا جاتا ہے جیسا کہ فسادات, ابتری اور افرا تفری وغیرہ لیکن حقیقت میں انارکی کا ان تعصبات سے قطعاؑ کوئی تعلق نہیں ہے یہ بالکل اس طرح کا تعصب ہے جو سرمایہ داروں نے سوشلسٹوں اور کمیونسٹوں کے خلاف پھیلا رکھا تھا اور ہمارے معاشرے میں جس طرح مذہبی تنظیموں نے دیگر مسلکوں کے خلاف پھیلا رکھا ہے یا جس طرح ہمارے سماج میں اقلیتوں, خواتین اور خواجہ سراہوں کے خلاف تعصبات پھیلا رکھے ہیں۔
انارکزم کے خلاف کچھ زیادہ ہی منفی معنی گھڑے جاتے ہیں یعنی ایک طرف سرمایہ دار تعصب رکھے ہوئے ہیں اور دوسری طرف انارکسٹ کے بہت سے قریبی ہم خیال مارکسسٹ اور سوشلسٹ تنظیموں نے بھی انارکی کے خلاف کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔
انارکی ایک سیاسی فلسفہ ہے جو ہر طرح کی درجہ بندی کو مسترد کرتا ہے انارکزم کا لفظ یونانی لفظ انارکیہ سے نکلا ہے جس کے معنی « بغیر حکومت یا بغیر اتھارٹی کے ہیں »۔
انارکسٹ, سماج میں طبقات اور درجہ بندیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں یہ درجہ بندیاں چاہے ریاست کی جانب سے ہوں یا کسی سیاسی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے یا ایسی کمپنیز جس میں ملازمتیں ہوں۔
انارکی فلسفہ انسانی ازادی پر عائد پابندیوں اور درجہ بندیوں کو مسترد کرتا ہے یعنی انارکی کا بنیادی مقصد ہی یہ ہے کہ معاشرے میں درجہ بندیوں پر مبنی استحصالی نظام کا خاتمہ کرے اور جب یہ استحصالی نظام ختم ہو جائے گا تو سماج میں احترام, نچلی سطح پر جمہوریت اور فیصلہ سازی, جہاں انسان اجتماعی طور پر اپنے لیے فائدہ مند پالیسیاں اپنائے گا اور جہاں زمین, وسائل اور ذرائع پیداوار اور جدید مہارت و ٹیکنالوجی سماج کے ہر
انسان اور دیگر جانداروں کے لیے بھی مہیا ہوگی۔
کامریڈ ولیم